محسن رضائی: دشمنوں نے ہمارے بنیادی ڈھاںچے پر دوبارہ حملہ کیا تو انہیں مفلوج اورغرق کردیں گے
ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے رکن محسن رضائی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ہمارے بنیادی ڈھانچے پر حملہ ہوا تو دشمنوں کو خلیج فارس میں غرق کردیں گے
سحرنیوز/ایران: محسن رضائی نے قومی ٹی وی سے گفتگو میں، شہید رہبر انقلاب اسلامی امام سید علی خامنہ ای، ایرانی بچیوں اور جنگ رمضان کے سبھی شہدا کی تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہید رہبر شقی ترین اور بے آبرو ترین ظالموں کے ہاتھوں شہید ہوئے ۔
انھوں نے ایران کے بنیادی ڈھانچوں پرحملے کی ٹرمپ کی دھمکی کے بارے میں کہا کہ اگر انھوں نے یہ غلطی کی تو انہیں مفلوج کرکے خلیج فارس میں غرق کردیں گے۔
سپاہ پاسدران کے سابق کمانڈر محسن رضائی نے کہا کہ وہ جان لیں کہ امریکا کو بچانے کی آخری مہلت ختم ہورہی ہے اوراس ملک کے دانشمندوں کے پاس اپنے ملک کو اس ہلاکت سے نکالنے کے لئے زیادہ وقت نہیں بچا ہے۔
محسن رضائی نے جو دفاع مقدس کے دوران سپاہ پاسداران کے کمانڈر تھے، کہا کہ جب تک سبھی نقصانات کا تاوان نہ ادا کیا جائے اور ایران کے خلاف جارحیت کا تکرار نہ کئے جانے کی بین الاقوامی قانونی ضمانت نہ دی جائے جنگ بندی قبول نہیں ہوگی اور جنگ جاری رہے گی۔
انھوں نے اس سوال کے جواب میں کہ اس جنگ کی کمان کس کے ہاتھ میں ہے، ٹرمپ کے یا نتین یاہوکے؟ کہا کہ جواب یہ ہے کہ دونوں ہی ننگے ہوکر ایران کے ساتھ جنگ کررہے ہیں۔
محسن رضائی نے کہا کہ ہمیں معلوم ہونا چاہئے کہ امریکا اور اسرائیل 47 سال سے ایران کے دشمن ہیں، یہاں تک کہ صدام نے ایران کے خلاف جو جنگ شروع کی تھی وہ بھی امریکا اور اسرائیل کی سازش تھی اور اس کے بعد بھی ہمارے خلاف ان کی انواع و اقسام کی سازشیں اور پابندیاں جاری رہیں۔
انھوں نے کہا کہ 47 برس سے ان کی دشمنی اور ایران کو نابود کرنے کی سازشیں جاری ہیں۔ ان کا منصوبہ یہ ہے کہ ایران پر قبضہ اور اس کو پانچ حصوں میں تقسیم کرکے تیل اور گیس سے مالا مال علاقہ اپنے پاس رکھ لیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel