حزب اللہ کے ایک بیان سے تل ابیب سے واشنگٹن تک مچی کھلبلی، زمینی جنگ کی تیاری مکمل
بیروت میں حزب اللہ کے ایک اعلی سیکورٹی عہدیدار نے صیہونی حکومت کے خلاف جاری حالیہ لڑائی کو تحریک مزاحمت کے خلاف امریکہ اور نیٹو کی جنگ قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق لبنان میں حزب اللہ کے زمینی اور سمندری سرحدی امور کے عہدیدار نواف الموسوی کا کہنا ہے کہ لبنان کے خلاف اسرائیل کی جنگ ایک طرح آخری جنگ کی طرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ اسرائيل کے ساتھ زمینی جنگ کے لیے تیار ہے اور اس نے اس کا طریقہ کار پہلے سے طے کرلیا ہے۔
نواف الموسوی نے کہا کہ ہمارے خلاف زمینی جنگ میں قابضین کو کبھی بھی برتری حاصل نہیں ہوگي کیونکہ آج جذبہ شہادت سے سرشار مجاہدین کی تعداد 1982 کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
حزب اللہ کے ایک اعلی سیکورٹی عہدیدار نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسرائیل امریکہ کی رضامندی کے بغیر جنگ شروع نہیں کرتا اور آج بھی ہم در اصل امریکہ اور نیٹو کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔