اسرائیل کی نابودی حتمی اور یقینی ہے: محمد البخیتی
یمن کی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن محمد البخیتی نے امریکی بحری بیڑے پر حملے کا ذکر کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ صیہونی حکومت تن تنہا یمنیوں کا مقابلہ نہیں کر سکتی اس لئے وہ امریکی حمایت کی ضرورت پر زور دیتی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: موصولہ رپورٹ کے مطابق محمد البخیتی کا کہنا تھا کہ ہماری حکمت عملی موثر رہی ہے اور اس سے ہم نے فلسطینی عوام کی حمایت کے اپنے مقاصد کو حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد وہ ہے جس نے غزہ پٹی پر جارحیت کی اور جس نے اس کی حمایت کی ہے۔ یمن کی کارروائیوں کا مقصد غزہ پٹی میں ہونے والی فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنا ہے۔
دوسری جانب یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے نیتن یاہو کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے اسرائیل کی نابودی حتمی اور یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو کو یمنیوں کو دھمکانے سے پہلے اپنے اقدامات کے نتائج پر غور کرنا چاہیے کیونکہ اس کے نتائج میں جعلی صیہونی حکومت کا خاتمہ شامل ہے۔
واضح رہے کہ صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اسرائیل ایران کی دیگر پراکسیز کی طرح انصاراللہ یمن پر بھی شدید حملہ کرے گا۔