یمن کی مسلح افواج کا اسرائیل پر آج تیسرا میزائل حملہ
یمن کی مسلح افواج نے بدھ کے روز تیسری بار مقبوضہ علاقوں کو اپنے میزائل حملے کا نشانہ بنایا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے بدھ کی صبح اعلان کیا ہے کہ یمن سے ایک اور میزائل مقبوضہ علاقوں پر داغا گیا۔ اسرائیل کے ٹی وی چینل بارہ نے اعلان کیا ہے کہ یمن سے چھوڑے جانے والے میزائل کے نتیجے میں تل ابیب کے بن گورین ایئر پورٹ کی سرگرمیاں روک دی گئیں۔ صیہونی ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ یہ میزائل گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مقبوضہ علاقوں پر داغا جانے والا تیسرا میزائل حملہ تھا۔ یہ حملہ امریکی صدر ٹرمپ کے علاقے کے دورے کے دوران کیا گیا۔ صیہونی ذرائع کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے اس میزائل حملے کے نتیجے میں مقبوضہ علاقوں میں خطرے کا سائرن بجنے لگا ۔

اس سے قبل یمن کی مسلح افواج نے کل منگل کو بھی اعلان کیا تھا کہ تل ابیب میں بن گورین ایرپورٹ کے خلاف ایک کامیاب کارروائی کی گئی اور جب تک غزہ کے خلاف صیہونی جارحیت بند اور غزہ کا محاصرہ ختم نہیں ہو جاتا اس قسم کے حملے جاری رہیں گے۔ یمن کی مسلح افواج نے اسی طرح ایئرلائنز کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ انھوں نے اگر مقبوضہ علاقوں کے لئے اپنی پروازیں نہیں روکی ہیں تو انھیں چاہیئے کہ اس سے قبل جن کمپنیوں نے پروازیں بند کی ہیں ان کے جیسا قدم اٹھائیں ورنہ نتیجہ بھگتنے کے لئے تیار رہیں۔ یمن کی مسلح افواج نے فلسطینی قوم کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے امت مسلمہ اور تمام حریت پسندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینیوں کے سلسلے میں اپنے اخلاقی و دینی و انسانی فرائض پر عمل کریں۔