Sep ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۸:۳۹ Asia/Tehran
  • یوکرین کی جنگ پر حد سے زیادہ توجہ، ماحولیاتی جنگ کے نظر انداز ہونے کا باعث

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے عالمی برادری سے پاکستانی سیلاب متأثرین کی فوری امداد کی اپیل کی ہے۔

پاکستان کے دورے سے قبل انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ سیلاب سے متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ  وہ پاکستانی عوام سے اظہار ہمدردی اور عالمی برادری سے فوری اور وسیع امداد کی اپیل کرنے کی غرض سے پاکستان جا رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے زور دیکر کہا کہ یوکرین کی جنگ پر حد سے زیادہ توجہ دی جا رہی ہے جبکہ اصل جنگ یعنی ماحولیاتی تبدیلی کی جنگ کو بھلا دیا گیا ہے۔ انتونیو  گوتریس نے ماحولیاتی مسائل کو وقت کا اہم ترین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ جس صورتحال کا سامنا پاکستان نے اس وقت کیا ہے، اس کا سامنا مستقبل میں دوسرے ممالک کو بھی کرنا پڑے لہذا اس ہمہ گیر مسئلے کا بغور جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ چند صنعتی ممالک کی سرگرمیوں کے نتیجے میں جن میں امریکہ سرفہرست ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں اور اسکی تباہی کی رفتار تیز ہوتی جا رہی ہے جس کا خمیازہ پاکستان جیسے ممالک بھگت رہے ہیں جن کا ماحولیاتی آلودگی میں حصہ ایک فیصد بھی نہیں ہے۔ 

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سوا تین کروڑ سے زائد لوگ پاکستان میں سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ سیلاب سے لاحق مالی نقصان کا حجم دس ارب ڈالر سے زیادہ بتایا گیا ہے۔

ٹیگس