May ۲۷, ۲۰۲۵ ۲۰:۴۸ Asia/Tehran
  • پاکستانی آرمی چیف کی ایران کی مسلح افواج کے سربراہ سے ملاقات، پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے امام رضا (ع) کے روضہ پر دی حاضری

پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں علاقے کی سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ایران پاکستان دفاعی تعاون کی تقویت پر زور دیا گیا جبکہ پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی مشہد کا دورہ کیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: آئی ایس پی آر نے اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس ملاقات میں علاقے کے تغیرات کے حوالے سے سیکورٹی اور باہمی دفاعی روابط کی تقویت پر گفتگو کی گئی اور باہمی فوجی تعاون بڑھانے، مشترکہ سرحدوں پر سیکورٹی انتظامات بہتر کرنے، سرحدی علاقوں کو اقتصادی اور تجارتی علاقوں میں تبدیل کرنے اور خطے میں امن وآ‎سائش نیز ثبات و استحکام میں مدد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اور پاکستان کے اعلی فوجی کمانڈروں کی اس ملاقات سے پہلے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی تھی۔دوسری جانب پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی ، اپنے دو روزہ دورہ ایران میں پیر کو شہر مشہد مقدس پہنچے۔ پاکستان کے وزیر داخلہ نے پاکستانی زائرین کے سفر میں سہولتوں کے حوالے سے ایران کے اقدامات کی قدردانی کرتے ہوئے، کہا ہے کہ اس حوالے سے تہران اور اسلام آباد کے درمیان تعاون میں توسیع اور استحکام لایا جائے گا۔ 

 پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے بارگاہ رضوی میں حاضری دی

محسن نقوی نے مشہد پہنچنے کے بعد بارگاہ رضوی میں حاضری دی اور پاکستانی زائرین کی میزبانی کے لئے حکومت ایران کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا معائنہ کیا۔ پاکستان کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی زائرین کی میزبانی کے لئے ایرانی حکام کے مخصوص اقدامات کے شکر گزار ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان ایک دوسرے کے شہریوں کے دو طرفہ سفر منجملہ پاکستانی زائرین کے سفر کے حوالے سے تعاون بڑھایا جائے گا۔ 

ٹیگس