Nov ۰۱, ۲۰۲۵ ۲۰:۰۴ Asia/Tehran
  • پاکستان: کراچی میں 38 روزہ عالمی ثقافتی فیسٹیول، 142 ممالک کی شرکت

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں دوسرا عالمی ثقافتی فیسٹیول شان و شوکت کے ساتھ شروع ہوگیا ہے جس میں 142 ممالک شرکت کر رہے ہیں۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق آرٹس کونسل آف پاکستان، کراچی، میں جمعہ کے روز (31 اکتوبرکو) دھوم دھام اور پوری شان و شوکت کے ساتھ شروع ہوگیا جو 7 دسمبر تک، یعنی 38 دن تک، جاری رہے گا۔

رپورٹ کے مطابق افتتاحی تقریب کونسل کے مرکزی ہال میں منعقد ہوئی جس میں سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ مہمانِ خصوصی تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آرٹس کونسل شہر ہی نہیں بلکہ پورے ملک کا ثقافتی دل بن چکی ہے۔ گزشتہ سال 44 ممالک تھے، اب 142 ممالک اور 1000 سے زیادہ فنکار فیسٹیول میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کا دارالحکومت کراچی دنیا کا استقبال کر رہا ہے، فن صرف خوبصورتی نہیں بلکہ یہ شفا، رابطہ اور مزاحمت کی طاقت بھی ہے۔ انھوں نے سندھ کی ثقافتی روایات، شاہ عبداللطیف بھٹائی کی شاعری اور صوفی دُھنوں کا ذکر بھی کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ نے کہا کہ فنکار نسل کشُی کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں اور انہوں نے بھی آرٹس کونسل کے پلیٹ فارم سے سب فنکاروں کے ساتھ آواز اٹھائی۔ انہوں نے غزہ میں جاری غاصب اسرائیلی فوج کے ذریعہ فلسطینیوں کی نسل کشُی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں 21 ویں صدی کی سب سے بڑی نسل کشی ہوئی ہے۔

فیسٹیول کے پہلے ہی دن ’شاہ جا فقیر‘ کے گروپ نے شاہ عبدالطیف بھٹائی کی شاعری پر مبنی سر ماروی پیش کیا اور نیپال سے تعلق رکھنے والے مدن گوپال نے اپنے ملک کا گیت گایا، جس میں انہوں نے کراچی کا لفظ شامل کیا۔ پہلے دن بیلجیئم، فرانس، امریکہ اور بنگلہ دیش کے فنکاروں نے بھی مختلف شعبوں میں اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

 

ٹیگس