صدر پزشکیان پاکستان پہنچے، لاہور ایئرپورٹ پر نواز شریف اور مریم نواز نے کیا شاندار استقبال+ ویڈیو
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان پاکستان پہنچ گئے۔ لاہور ایئرپورٹ پر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کیا شاندار استقبال۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے صدر کا طیارہ لاہور میں لینڈ ہوا۔ مسعود پزشکیان کا بطور صدر، پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ ایئرپورٹ پر مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایرانی صدر کا استقبال کیا۔ جس کے بعد تینوں شخصیات ایک ہی گاڑی میں ایئرپورٹ سے روانہ ہوئیں۔
ایرانی صدر کے استقبال کے لیے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر بھرپور تیاری کی گئی تھی، ائیر پورٹ کو پاکستان اور ایران کے پرچموں سے سجایا گیا تھا، ایرانی صدر کے استقبال کے لیے ریڈ کارپٹ بھی بچھایا گیا تھا۔
دو روزہ سرکاری دورے پر ایرانی صدر کے ہمراہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر اپنے قیام کے دوران صدر آصف زرداری سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے27 مئی 2025ء کو ایران کا دورہ کیا تھا۔