Jan ۱۰, ۲۰۲۴ ۲۰:۰۱ Asia/Tehran
  • یمنی فوج نے ایک امریکی بحری جہاز کو نشانہ بنادیا

یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے بحیرۂ احمر میں ایک امریکی بحری جہاز پر حملے کی خبر دی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: المسیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق یمنی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ سریع نے آج بدھ کو بتایا کہ غاصب اسرائیلی حکومت کے حامی ایک امریکی بحری جہاز کو یمنی فورسز نے بڑی تعداد میں بیلسٹک  میزائلوں اور ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا ہے۔

یحییٰ سریع نے کہا کہ امریکی جہاز کو نشانہ بنانے کی کارروائی یمنی بحریہ پر امریکی فوج کے غدارانہ حملے کا ابتدائی ردعمل ہے۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یمن اپنے ملک، عوام اور قوم کے جائز دفاع کے حق کے دائرے میں رہتے ہوئے تمام دشمنانہ خطرات سے مناسب طریقے سے نمٹنے کے لیے کسی بھی اقدام سے دریغ نہیں کرے گا کہا کہ ان کا ملک غزہ کے خلاف جنگ بند ہونے اور اس علاقے کا محاصرہ اٹھائے جانے تک صیہونی اہداف کو نشانہ بناتا رہے گا۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ غاصب اسرائیلی جہازوں یا غاصب اسرائیل کی طرف جانے والے جہازوں کے علاوہ دیگر تمام جہازوں کے لئے بحیرۂ احمر میں جہاز رانی پوری طرح سے پُرامن ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں یمنی فوج نے غزہ پٹی میں فلسطینی عوام کی مزاحمت کی حمایت میں بحیرۂ احمر اور آبنائے باب المندب میں غاصب اسرائیلی جہازوں یا اس کی طرف جانے والے کئی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ امریکہ کا دعویٰ ہے کہ اس نے بحیرۂ احمر میں یمنی فوج کی کارروائیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک بحری اتحاد تشکیل دیا ہے لیکن فرانس، اسپین اور اٹلی نے اس اتحاد سے نکلنے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے جنگی جہازوں کو امریکہ کی کمان کے حوالے کرنے سے گریز کیا ہے۔

 

ٹیگس