Apr ۱۲, ۲۰۲۵ ۱۷:۱۷ Asia/Tehran
  • ایک موقع بھی ہے اور ایک آزمائش بھی، گیند اب امریکہ کی کورٹ میں ہے: عراقچی

آج عمان میں اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات ہو رہے ہیں۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچي امریکہ سے بالواسطہ مذاکرات کے لیے عمان پہنچ گئے ہیں۔ مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور امریکہ نے عمان میں بالواسطہ مذاکرات پر اتفاق کرلیا ہے۔ دونوں ممالک کے اعلی سفارتی اہلکار مذاکرات میں حصہ لیں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس سلسلے میں ایرانی وفد کی روانگی کا اعلان کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اعلی سطحی اور تجربہ کار افراد کا وفد تہران سے عمان روانہ ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی مفادات اور قومی اقدار کی حفاظت کے لیے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔

ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچي

دریں اثنا ایران کے وزیر خارجہ کے مشیر رنجبران نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز مسقط میں ہونے والے مذاکرات خواہ ناکام ہوں، جاری رہیں یا کسی نتیجے تک پہنچیں جو اس مرحلے پر بعید نظر آتا ہے، بہرحال اس میں اصل فتح ایرانی عوام اور اسلامی جمہوری ایران کے نظام کی ہوگی۔قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے گذشتہ ہفتے پیر کی شب وائٹ ہاؤس میں اچانک اعلان نے ایران اور امریکہ کے درمیان معاملات کو ایک نئی سمت میں دھکیل دیا۔ 

صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو اس موقع پر اسرائیلی وزیراعظم کی میزبانی کر رہے تھے، نے کہا کہ ہفتے کے روز امریکہ اور ایران کے مابین ایک اہم اور اعلی سطحی نشست منعقد کی جائے گی۔ صدر ٹرمپ نے اپنی روایتی زبان میں ایک بار پھر دعوی کیا کہ اگرچہ معاہدہ ایران کے لیے سودمند ہوگا، لیکن اگر بات چیت ناکام ہوئی تو ایران کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے الجزائر کے دورے کے دوران سوشل میڈیا پر بیان دیا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان اعلی سطحی اور بالواسطہ بات چیت ہفتے کے روز عمان میں ہوگی۔ یہ ایک موقع بھی ہے اور ایک آزمائش بھی۔ گیند اب امریکہ کی کورٹ میں ہے۔

 

ٹیگس