ایرانی وزیر خارجہ کی حماس کے سربراہ سمیت قطر اور مصر کے وزراء خارجہ سے اہم ٹیلیفونی گفتگو
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے حماس تحریک کے سیاسی دفتر کے سربراہ خلیل الحیہ اور اسی طرح قطر اور مصر کے وزیرخارجہ سے ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ کے حالات کا جائزہ لیا اور فلسطینی عوام کی استقامت کے حق پر زور دیا۔
سحرنیوز/ایران: موصولہ اطلاعات کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ خلیل الحیہ کو فلسطینی استقامت اور عوام کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام نے 15 مہینے تک جاری مزاحمت میں غاصب دشمنوں کو گھٹنے ٹیکنے اور جنگ بندی کے معاہدے کو قبول کرنے پر مجبور کردیا۔ وزیر خارجہ عراقچی نے کہا کہ فلسطینی کاز اور استقامتی محاذ کی حمایت اسلامی جمہوریہ ایران کا اصولی موقف ہے جو ہر حال میں جاری رہے گی۔
حماس کے سینیئر رہنما خلیل الحیہ نے بھی رہبر انقلاب، حکومت اور ایرانی عوام کی حمایتوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، لبنان، یمن اور عراق کی حمایتیں فلسطینیوں کی کامیابی میں مؤثر ثابت ہوئی ہيں۔ اس درمیان اسلامی جمہوریہ ایران و قطر کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فونی گفتگو کے دوران غزہ کی صورتحال کا جائزہ لیا اور پناہ گزینوں تک جلد از جلد امداد پہنچانے پر زور دیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں قطر کی کوششوں کی تعریف کی اور فلسطینی عوام تک جلد از جلد امدادی سامان کی ترسیل، غزہ کے عوام کی جلد از جلد وطن واپسی اور صیہونیوں کے ہاتھوں تباہ شدہ تنصیبات اور عمارتوں کی تعمیرنو پر زور دیا۔
قطر کے وزیر خارجہ نے بھی جنگ بندی کے حصول کی کوششوں کی ایک رپورٹ پیش کی اور فلسطینی عوام کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی موقف کی تعریف کی۔ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے مصری ہم منصب سے بھی غزہ کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں گفتگو کی۔ ٹیلی فون پر ہونے والی اس گفتگو میں وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور مصری وزیرخارجہ بدر عبدالعاطی نے غزہ کے حالات، جنگ بندی کے معاہدے اور تہران اور قاہرہ کے دوطرفہ تعلقات کے بارے میں بات چیت کی۔ ایرانی وزیرخارجہ نے غزہ میں جنگ بندی اور صیہونیوں کے جرائم کو روکنے کی کوششوں کا خیرمقدم کیا اور اس سلسلے میں مصر کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا۔