Feb ۲۵, ۲۰۲۵ ۱۸:۴۲ Asia/Tehran
  • روسی وزیر خارجہ کا تہران دورہ، ایٹمی مذاکرات کے بارے میں ایران کا موقف پوری طرح  واضح

اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور اور اہم علاقائی و عالمی مسائل پر گفتگو کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ منگل 25 فروری کو ایک روزہ دورے پر تہران پہنچے۔ انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب سید عباس عراقچی سے ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایران و روس کے وزرائے خارجہ کی ملاقات و گفتگو کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ نے مغربی ملکوں کے ساتھ تعلقات اور جے سی پی او اے کی تجدید کے سلسلے میں مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی مذاکرات کے بارے میں ایران کا موقف پوری طرح سے واضح ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ ہم دباؤ، دھمکی اور پابندیوں کے سائے میں بات چیت نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ روسی ہم منصب کے ساتھ علاقائی امور پر اچھی گفتگو ہوئی اور ہم نے فلسطین، لبنان اور شام کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی۔ سید عباس عراقچی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، فلسطین میں صیہونی حکومت کے جرائم کی فطری طور پر مذمت کرتا ہے اور مذمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ نے کہا غزہ کے جبری محاصرے کے لئے جو نیا منصوبہ بنایا گیا ہے اس پر بھی ہم نے گفتگو کی اور ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہيں۔ انہوں نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں کہا کہ جب تک شدید ترین دباؤ کا سلسلہ جاری رہے گا، ایٹمی معاملے میں ہمارے اور امریکہ کے درمیان براہ راست مذاکرات کا کوئي امکان نہيں ہے۔

 

ٹیگس