دنیا کے کئی ممالک عید الفطر کے جشن میں ڈوبے، ایران سمیت کئی ملکوں میں پیر کو ہو سکتی ہے عید
ماہ مبارک رمضان کے اختام پر دنیا کے کئي ملکوں میں آج عید فطر منائی جا رہی ہے جبکہ ایران سمیت بہت سے ملکوں میں پیر کے روز عید منائے جانے کی تیاری ہے۔
سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، شام، لبنان، بحرین میں آج عید کا اعلان کیا گيا تھا اور ان ملکوں کے ساتھ دنیا کے دیگر کئی ملکوں میں مسلمان روزہ داروں نے جذبہ ایمانی کے ساتھ و جوش و خروش سے عید الفطر منائی۔ طالبان نے بھی اتوار کو عید منانے کا اعلان کیا جبکہ عراق، عمان، مصر، اردن، برونئی ملیشیا میں پیر کے روز عید کا اعلان کیا گيا ہے۔ عراق میں شیعوں کے مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی کے دفتر کی جانب سے پیر کو عید الفطر کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ عراق کے سنی وقف بورڈ نے اتوار کو عید فطر کا اعلان کیا تھا۔

ترکیہ میں ہفتے کے روز سے ہی عید الفطر کی نو روزہ چھٹیوں کا آغاز ہو گيا۔ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان و ہندوستان میں کل پیر کو عید الفطر منانے کی تیاری ہے۔ رہبرانقلاب اسلامی کے دفتر سے متعلق رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین علی رضا موحد نژاد نے ماہرین کی آراء کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ توقع ہے کہ پیر کو شوال کا پہلا دن اور عید الفطر ہو گی۔ تہران میں نماز عیدالفطر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی امامت میں ادا کی جائے گی۔