Nov ۱۲, ۲۰۲۵ ۱۲:۵۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان اگر سلامتی کونسل کا رکن بن جائے تو صد فی صد فیصلہ فلسطین کے حق میں ہوگا: ہندوستان میں فلسطینی سفیر

اطلاعات کے مطابق ہندوستان میں فلسطینی سفیر نے امید ظاہر کی ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام میں ہندوستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ایک ہندی اخبار سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی سفیر عبد اللہ ابو شاویش نے امید ظاہر کی کہ کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور خلیج فارس کے علاقے میں مستقل امن کے قیام میں ہندوستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ فلسطینی سفیر کا کہنا تھا کہ  ہندوستان ہمارا بڑا بھائی ہے اور 1930 میں مہاتما گاندھی سے لے کر اب تک ہندوستان نے فلسطین کی حمایت کی ہے۔

فلسطینی سفیر عبد اللہ ابو شاویش نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکہ اسرائیل کے حق میں ویٹو کرتا ہے، اس لئےہندوستان کا وہاں ہونا ضروری ہے اور اگر ہندوستان سلامتی کونسل کا مستقل رکن بن جائے تو صد فی صد فیصلہ فلسطین کے حق میں ہی ہوگا، ایسا ہمیں یقین ہے۔

ساتھ ہی فلسطینی سفیر نے کہا کہ شرم الشیخ میں منظور کی گئيں امن کی تجاویز کے بعد غزہ کی صورت حال جوں کی توں ہے، ہم پر یہ تجاویز مسلط کی گئی ہیں لیکن ہم نا امید نہیں ہیں اور ہم راکھ کی ڈھیر سے بھی اٹھ کھڑے ہوں گے۔

عبد اللہ ابو شاویش نے کہا کہ غزہ میں جنگ نہیں چل رہی ہے بلکہ اسرائیل نے حملہ کیا ہے، یہ یکطرفہ کارروائی ہے جو 2 سال سے جاری ہے۔ اس میں 67 ہزار سے زیادہ بے قصور فلسطینیوں کی موت ہوئی ہے، جن میں بچے، بوڑھے، خواتین اور مریض تک شامل ہیں۔

ہندوستان میں فلسطینی سفیر نے مزید کہا کہ اب بھی غزہ میں 7 ہزار ٹن دھماکہ خیز مواد پڑا ہوا ہے، جو وہاں کے لوگوں کی زندگیوں کے لئےسب سے بڑ ا خطرہ ہے۔ بچے فاقہ کشی کا شکار ہو رہے ہیں، اسکول اور اسپتال تباہ ہو چکے ہیں۔

غزہ بحران کے لئے امریکہ کو بھی ذمہ دار مانتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کا ہمیشہ دوہرا معیار رہا ہے اور انہوں نے کبھی بھی اسرائیل پر کوئی پابندی عائد نہیں کی۔

 

 

ٹیگس