Feb ۱۴, ۲۰۲۵ ۲۰:۰۶ Asia/Tehran
  • غزہ سے متعلق ٹرمپ کے بیان پر عالمی رد عمل کا سلسلہ جاری، امریکا سمیت دنیا کے کونے کونے سے فلسطینیوں کے حق میں اٹھتی آواز

غزہ کے سلسلے میں امریکی صدر کے جارحانہ منصوبے کے خلاف عالمی ردعمل کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

سحرنیوز/دنیا: فلسطین کی غزہ پٹی کے مکینوں کو نقل مکانی پر مجبور کر کے انہیں دیگر ممالک میں بسانے کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جارحانہ اور غیر قانونی منصوبے کے خلاف عالمی ردعمل کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ حتیٰ اندرون ملک سے بھی امریکی صدر کو مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ امریکا کے ایک سو پینتالیس اراکین کانگریس نے غزہ کو اپنے تسلط میں لینے کے ٹرمپ کے منصوبے کی مخالفت کردی ہے۔ انہوں نے بیس لاکھ فلسطینیوں کو غزہ سے زبرستی نکالنےکے منصوبے پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صحیح راہ حل نہیں ہے۔

امریکا کی مسلمان رکن پارلیمان الہان عمر

امریکا کی مسلمان رکن پارلیمان الہان عمر نے بھی غزہ کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لینے کے حوالے سے صدر ٹرمپ کے بیان کے مضحکہ خیز قرار دیا۔ الہان عمر نے کہا کہ یہ فلسطینی عوام کی نسل کشی اور ان کے نسلی تصفیئے کا منصوبہ ہے جو ناکام رہے گا اور فلسطینی عوام غزہ میں باقی رہيں گے۔ اس کے علاوہ ساڑھے تین سو سے زیادہ ربیوں اور درجنوں یہودی کارکنوں نے نیویارک ٹائمز میں ایک بیان پر دستخط کیے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ سے فلسطینیوں کے نسلی تصفیت کی تجویز کی سخت مذمت کی گئی ہے۔

فلسطین کی حمایت میں اِن اَوَر نیم نامی کیمپین کے ڈائریکٹر اور مذکورہ اعلامیے کے منتظمین میں سے ایک کوڈی ایجرلے نے کہا کہ فلسطینیوں کے لیے ہمارا پیغام یہ ہے کہ آپ اکیلے نہیں ہیں اور ہم غزہ میں نسلی تصفیے کی روک تھام کے لیے پرعزم ہیں۔ امریکی ریاست میساچوسٹس کے نیوٹن چرچ کے سربراہ ربی ٹوبا اسپٹزر نے بھی ٹرمپ کے منصوبے کو ایک شیطانی منصوبہ قرار دیا۔ مصر نے ایک بار پھر فلسطینی عوام کے اپنے وطن میں رہنے کے حق پر زور دیتے ہوئے ٹرمپ کے منصوبے کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔

مصر کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو ان کے وطن سے بے دخل کرنے کی مخالفت پر مبنی ہمارا موقف نا قابل تغیر ہے۔ یمن کی تحریک انصار اللہ نے ایک بار پھر غزہ سے فلسطینیوں کی جبری منتقلی کے امریکی صدر ٹرمپ کے منصوبے پر اپنے ردعمل میں اُسے غیر قانونی اور ظالمانہ قرار دیا ہے۔ انصاراللہ یمن کے سربراہ سید عبد الملک بدرالدین الحوثی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین سے جبری طور پر کوچ کرانے کی کوشش کی تو انہیں یمن کی فوجی طاقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

 

ٹیگس