Apr ۱۳, ۲۰۲۵ ۱۷:۰۷ Asia/Tehran
  • امریکی صدر ٹرمپ نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان جاری بالواسطہ مذاکرات پر دیا بڑا بیان

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

سحرنیوز/دنیا: موصولہ اطلاعات کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عمان میں ایران کے ساتھ ہونے والے بالواسطہ مذاکرات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات چیت مثبت انداز میں اور درست طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات خوش اسلوبی سے جاری ہیں اور امید افزا نتائج کی جانب گامزن ہیں۔

درایں اثناء ہفتے کی شب وائٹ ہاؤس نے بھی ایران اور امریکہ کے نمائندوں کے درمیان عمان میں ہونے والے بالواسطہ مذاکرات کو مثبت اور تعمیری قرار دیا۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے مشرق وسطی کے لیے خصوصی ایلچی ویٹکاف نے ایرانی وزیر خارجہ عراقچی کو یقین دلایا کہ اگر ممکن ہو تو دونوں ممالک کے درمیان تنازعات کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگرچہ معاملات پیچیدہ ہیں، تاہم ویٹکاف اور عراقچی کے درمیان رابطہ دو طرفہ مفاد پر مبنی نتیجہ حاصل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ فریقین نے آئندہ ہفتہ دوبارہ ملاقات پر اتفاق کیا ہے۔

 

ٹیگس