رہبر انقلاب اسلامی کے فتوے کی روشنی میں ہم جوہری ہتھیاروں کی تیاری کو حرام سمجھتے ہیں: ایران
ایران کے نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی نے جوہری ہتھیاروں کے بارے میں ایران کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی کے فتوے کی روشنی میں ہم جوہری ہتھیاروں کی تیاری کو حرام سمجھتے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور مجید تخت روانچی نے کہا کہ اگر امریکہ اور صیہونی حکومت ایران کے خلاف کسی غلطی کے مرتکب ہوئے تو انہیں بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے دائرہ کار کو واضح کر دیا ہے اور ہم اسی پالیسی کے پابند ہیں۔ مجید تخت روانچی نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کا جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے مؤقف بالکل واضح ہے اور رہبرش انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ان کی تیاری کو شرعی طور پر حرام قرار دیا ہے۔

شام کے حالات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہم وہاں کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ شام میں امن و استحکام قائم ہوگا۔ دیگر ممالک کو شام کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران میں شام کے معاملے پر کسی قسم کا اختلاف نہیں ہے، اور جیسے ہی شام میں نئی حکومت تشکیل پائے گی، ایران اس کے ساتھ شامی عوام کے فیصلے کے مطابق تعلقات استوار کرے گا۔
عراق کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے تخت روانچی نے کہا کہ ایران عراق کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ تہران ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے کیونکہ ہمارے درمیان کئی مشترکات موجود ہیں۔